فلوجہ کے مضافاتی علاقوں میں بھی عراقی افواج کی پیشقدمی
عراقی افواج نے عراق کے مغربی شہر فلوجہ کے کئی مضافاتی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
العالم نے خبردی ہے کہ عراقی افواج نے منگل کو فلوجہ کے مضافاتی علاقوں الحلابسہ ، البوعلوان فلوجہ اور بغداد شاہراہ نیز الجسرالقدیم کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے -
صوبہ الانبار کے آپریشنل کمانڈر اسماعیل المحلاوی نے اعلان کیاکہ فلوجہ کے مغربی مضافاتی علاقے الحلابسہ میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائیہ کے حملے میں دھماکہ خیز مواد سے لدی ہوئی داعش کی آٹھ گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور ان گاڑیوں میں سوار سبھی دہشت گرد ہلاک ہوگئے-
دہشت گرد عناصر دھماکہ خیزمواد سے لدی ہوئی ان گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا کر الحلابسہ اور البوعلوان علاقوں کی جانب پیشقدمی کرنے والے فوجیوں کونشانہ بنانا چاہتے تھے -
عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن کا کہنا ہے کہ داعش کے عناصر فلوجہ کے قریب واقع علاقے عامریہ پر بھی حملہ کرنا چاہتے تھے لیکن عراقی افواج نے اس حملے کو پوری طرح پسپا کردیا- ان کا کہنا تھا کہ عامریہ کے قریب چار سو دہشت گردوں کو عراقی فوج نے اپنے محاصرے میں لے لیاہے -
عراقی فوج نے صوبہ صلاح الدین کے شہر شرقاط میں داخل ہونے والے راستے کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
شرقاط پر جون دوہزرا چودہ سے داعش کا قبضہ ہے اور صوبہ صلاح الدین میں اس شہر کو داعش کا سب سے مضبوط گڑھ سمجھا جاتاہے -