عراق: فلوجہ کے جنوب میں متعدد دہشت گرد ہلاک
عراق کے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کے جنوب میں فوج کی کارروائی میں بہت سے دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے جنگی طیاروں نے فلوجہ کے جنوب میں ایک علاقے پر کہ جہاں بہت سے داعشی دہشت گرد بھاگ کرچھپے ہوئے تھے، بمباری کر کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
عراق سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق عراق کی سیکورٹی فورسز نے جمعرات کے روز عراق کے شمالی شہر موصل کے جنوب میں البوواوی اورالدرباس دیہاتوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ جبکہ فلوجہ شہر کے جنوب میں الحصی کا علاقہ بھی آزاد کرا لیا گیا ہے۔ عراقی فوج اس وقت آزاد شدہ علاقوں میں نصب کیے گئے بموں اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا رہی ہے۔
دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان کریم النوری نے ایک انٹرویو میں عوامی رضاکار فورس کے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروپیگنڈے کی کوئی اہمیت اور حیثیت نہیں ہے اور جو لوگ بھی عوامی رضاکار فورس کو ختم کرنا چاہتے ہیں وہ داعش کی خدمت کر رہے ہیں۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں پر بھی داعش ہو گی عوامی رضاکار فورس اس کے مقابلے پر آئے گی اور جہاں رضاکار فورس ہو گی داعش کی شکست یقینی ہے۔