عراق: دارالحکومت بغداد میں بم دھماکے، نوے سے زائد جاں بحق اور زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکوں میں نوے سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہفتے کی رات ایک بم دھماکہ بغداد کے مرکزی علاقے الکرادہ میں عبدالرسول امامبارگاہ کے قریب ہوا کہ جہاں بہت سی جماعتوں کے دفاتر اور حکومتی مراکز واقع ہیں، اس بم دھماکے میں کم از کم اٹھائیس افراد جاں بحق اور پینتالیس زخمی ہو گئے۔
عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے کہا ہے کہ یہ دھماکہ افطار کے بعد رات گئے اس وقت ہوا کہ جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ اس سے دکانوں، گھروں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
اسی دوران ایک اور دھماکہ بغداد کے شمالی علاقے الشعب میں واقع شلال بازار کے قریب ہوا جس میں چھے افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہو گئے۔
ان دھماکوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کر لی ہے۔
واضح ہے کہ فلوجہ شہر میں عراقی فوج کے ہاتھوں داعش کی عبرت ناک شکست کے بعد اب اس دہشت گرد گروہ نے عام لوگوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔