عراق میں بم دھماکے، متعدد افراد جاں بحق و زخمی
بدھ کو عراق کے مختلف علاقوں میں بم کے ہونے والے دھماکوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
عراقی ذرائع سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بغداد کے شمال اور جنوب میں دو بم دھماکوں میں تین افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے۔ اس رپورٹ کے مطابق بم کا ایک دھماکہ بغداد کے شمال میں واقع علاقے صلیخ میں ہوا جس میں ایک عام شہری جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ بم کا ایک اور دھماکہ بغداد کے جنوب میں واقع علاقے مدائن میں ہوا۔ اس دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور چھے زخمی ہوئے۔
دوسری طرف بغداد کے گرین زون میں بڑی تعداد میں لوگوں نے مظاہرہ کر کے دہشت گردی کی مذمت کی اور حکومت سے سیکورٹی انتظامات بڑھانے کا مطالبہ کیا۔
بغداد کے گرین زون میں عوام نے مظاہرہ کر کے سیکورٹی انتظامات بڑھانے کا مطالبہ ایسے عالم میں کیا ہے کہ بغداد آپریشن کمان کے سربراہ عبدالامیر الشمری نے دارالحکومت بغداد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں نئے سیکورٹی پلان پر عمل درآمد شروع ہو جانے کی خبر دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے بغداد اور عراق کے دیگر علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافے کے بعد بغداد کی سیکورٹی کے ذمہ دار اداروں اور ملک کی داخلہ نیز دفاع کی وزارتوں کو سیکورٹی انتظامات بڑھانے اور دہشت گردانہ حملوں کو روکنے کے لئے موثر اقدامات عمل میں لانے کا حکم دیا تھا۔
گذشتہ اتوار کو بغداد میں دو بم دھماکوں میں تقریبا ڈھائی سو عام شہری جاں بحق اور دو سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ ان دھماکوں کے بعد وزیر اعظم حیدر العبادی نے عراق میں تین دن کے عام سوگ کا اعلان کر دیا تھا۔