یمن پر سعودی اتحاد کے حملے بدستور جاری
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کی سرکردگی میں جارح اتحاد کے حملے بدستور جاری ہیں-
المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جارح اتحادیوں نے شمالی یمن کے صوبہ الجوف کے المصلوب شہر پر دو بار بمباری کی ہے- اسی طرح سعودی اور امریکی جارح طیاروں نے جنوبی یمن کے صوبہ شبوہ پر پرواز کی ہے-
دوسری جانب یمن کی عوامی فورس نے دارالحکومت صنعا اور اس کے اطراف میں سعودی جارحین سے بھرپور مقابلے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے- صوبہ صنعا کے شمال مشرقی علاقے فَرْضَتْ نِهِمْ میں سعودی ایجنٹوں کے ٹھکانوں پر یمنی فوج کے بیلسٹک میزائل کے حملے میں ان کے سینئر کمانڈروں سمیت متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہوگئے- یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس اپنی کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے پیشقدمی کر رہی ہیں اور انہوں نے فَرْضَتْ نِهِمْ کے شمال مشرقی پہاڑی سلسلے کو آزاد کرالیا ہے اور اس صوبے کے شہر مجزرہ کے متعدد علاقے سعودی ایجنٹوں کے ساتھ جھڑپ کے بعد یمنی فوج کے کنٹرول میں آگئے ہیں-
قابل ذکر ہے کہ یمن پر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے جاری سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک سات ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور تقریبا" نو لاکھ بے گھر ہوچکے ہیں۔ یمن کی اسّی فی صد سے زیادہ بنیادی تنصیبات بھی سعودی حملوں میں تباہ ہوچکی ہیں۔