Jul ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  •  ناکام فوجی بغاوت کا شاخسانہ، پچاس ہزار سے زا‏‏ئد افراد کی نوکریاں خطرے میں

ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے نتیجے پچاس ہزار سے زا‏‏ئد افراد کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد سرکاری اداروں میں چھانٹی کئے جانے کی پالیسی کے تحت آٹھ کروڑ کی آبادی والے اس ملک میں پچاس ہزارافراد کو ملازمتوں سے فارغ کئے جانے کا خطرہ ہے۔

ناکام فوجی بغاوت کو پانچ دن کا عرصہ گزرنے کے باوجود ترکی کے ذرائع ابلاغ اعلی حکام کی جانب سے گرفتاریوں اور ملازمتوں سے معطلیوں میں اضافے کی خبریں دے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اب تک دس ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ تیس ہزار سے زیادہ سرکاری ملازمین، فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو ملازمتوں سے فارغ  کر دیا گیا ہے۔ این ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی نیشنل اسمبلی کے تین ڈپٹی سیکریٹریز کو بھی ان کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے۔

درایں اثنا وزارت تعلیم سے وابستہ تمام ملازمین کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگانے کے ساتھ ہی تمام جامعات کے چانسلروں سے استعفی طلب کر لیا گیا ہے، ترکی کی سرکاری نیوزایجنسی اناتولی کی رپورٹ کے مطابق وزارت تعلیم سے وابستہ پندرہ ہزار دو سو افراد کو بھی عارضی طورپران کے گھروں میں بٹھا دیا گیا ہے۔

دریں اثنا محکمہ انٹیلی جنس کے سو افسران بھی سرکاری اداروں میں تطہیر کے عمل کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔

ٹیگس