امن مذاکرات اسی مقام پر واپس آ گئے ہیں جہاں سے شروع ہوئے تھے: انصاراللہ یمن
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کویت میں جاری امن مذاکرات اسی مقام پر واپس آ گئے ہیں جہاں سے شروع ہوئے تھے۔
المیادین ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی رخنہ اندازیوں کی وجہ سے کویت امن مذاکرات زیرو پوائنٹ پر واپس آ گئے ہیں۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یمن کا قومی وفد ایسے کسی حل کو ہرگز قبول نہیں کرے گا جس میں مفرور سابق صدر منصور ہادی کو اقتدار میں لانے کی بات کی گئی ہو۔
انصار اللہ کے مذاکراتی وفد کے سربراہ نے متنبہ کیا کہ اگر سعودی حکومت نے کویت امن مذاکرات میں رخنہ اندازی کا سلسلہ بند نہ کیا تو یمن بھی اب تک ہونے والے اتفاق رائے کی پابندی کرنا بند کر دے گا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ جنوبی عدن کے علاقے شیخ عثمان میں پولیس کے ایک مرکز میں دھماکہ ہوا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اس دھماکے میں کم سے کم چار یمنی پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔