Jul ۲۲, ۲۰۱۶ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • باغیوں کو جڑ سے ختم کر دیں گے: ترک وزیراعظم کا اعلان

ترکی کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ تمام تر دشواریوں اور بعض تنقیدوں کے باوجود باغی گروہوں کو جڑ سے ختم کر دیں گے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیراعظم بن علی ییلدریم نے ملک میں تین مہینے کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کے پارلیمنٹ کے فیصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بغاوت کا مقابلہ کرنے اور قوم کے عزم و ارادے کی حمایت کے لیے ایک احتیاطی اقدام ہے۔

انھوں نے کہا کہ ناکام بغاوت ترکی کی سیاسی جماعتوں، وزیراعظم، حکومت اور صدر کے خلاف ایک اقدام تھا لیکن سب نے ہم آواز ہو کر اس ناکام بغاوت کے خلاف مشترکہ موقف اپنایا اور ان لوگوں کو ٹھوس جواب دے دیا کہ جنھوں نے یہ بغاوت کی تھی۔

ترکی کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ ناکام فوجی بغاوت فتح اللہ گولن کے افراد نے کی اور انھوں نے جمہوریہ ترکی میں جمہوریت کے مضبوط تجربے کو نشانہ بنایا تھا، ہم ان تمام افراد کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جنھوں نے اس اقدام کی منصوبہ بندی کی تھی اور ایسے کام انجام دینا چاہتے تھے۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی جمعرات کے روز بغاوت کرنے والوں کا مقابلہ کرنے پر زور دیتے ہوئے اس بات پر تاکید کی تھی کہ ترک فوج کی قلیل عرصے کے دوران تعمیرنو کی جائے گی۔

ٹیگس