کویت مذاکرات کو التوا میں میں ڈالنے کا فیصلہ
یمن کے سلسلے میں کویت مذاکرات کو التوا میں میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فارس نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن میں قیام امن کے لئے کویت کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے موقع پرعارضی طورپر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عرب لیگ کا سربراہی اجلاس پیر کے روز موریطانیہ کی میزبانی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے "اسمعیل ولد الشیخ " اور یمن کی مستعفی حکومت کے وزیر خارجہ" عبدالملک المخلافی" بھی عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے موریطانیہ کے دارلحکومت" نواکشوت" جائیں گے، جس کی بنا پر کویت کی میزبانی میں ہونے والے امن مذاکرات کا عمل اجلاس کے دوران معطل رہےگا۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مذاکراتی عمل پیر کی رات کو دوبارہ شروع ہوجا ئےگا۔ کویت کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کا ہدف یمن میں ایک قومی حکومت کی تشکیل پراتفاق رائے کا حصول بتایا جاتا ہے تاہم " ریاض" سے وابستہ مذاکرات کاروں نیزآل سعود کی مخالفت کی بنا پرتابحال ان مذاکرات کا کوئی خاطرخواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔