Jul ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • ابراہیم جعفری نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے عراق کے آزاد ہونے والے علاقوں کی تعمیرنو کے لیے عالمی برادری کی زیادہ سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے۔
    ابراہیم جعفری نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے عراق کے آزاد ہونے والے علاقوں کی تعمیرنو کے لیے عالمی برادری کی زیادہ سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے۔

عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے اپنے ملک سے ترک فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے پیر کے روز موریتانیا کے دارالحکومت نواکشوت میں عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ترکی پر دباؤ ڈال کر اس سے مطالبہ کریں کہ وہ عراق سے اپنے فوجی نکال لے۔

انھوں نے کہا کہ عراق کی جانب سے ترکی کے ساتھ اچھی ہمسائیگی کے اصول کے احترام اور پابندی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ بغداد اپنی ارضی سالمیت کے حق سے چشم پوشی کر لے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال چار دسمبر کو ترکی کے سینکڑوں فوجی، دہشت گرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنے کے بہانے عراق کے شمالی علاقے میں داخل ہو گئے اور انھوں نے موصل کے قریب بعشیقہ کیمپ میں ڈیرے ڈال دیے۔ ترکی کے اس اقدام پر عالمی سطح پر احتجاج کیا گیا۔

عراقی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے عراق کے آزاد ہونے والے علاقوں کی تعمیرنو کے لیے عالمی برادری کی زیادہ سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے۔

انھوں نے بحران شام کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ عراق، بحران شام کی پرامن راہ حل کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق کا یہ خیال ہے کہ شام کے بحران کو صرف پرامن طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

ابراہیم جعفری نے یمن کے بحران کے بارے میں بھی کہا کہ عراق، بحران یمن کے سیاسی حل کے لیے کویت کی کوششوں اور امن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ عرب لیگ کا ستائیسواں سربراہی اجلاس پیر کے روز موریتانیا کے دارالحکومت نواکشوت میں منعقد ہوا۔

ٹیگس