عراق: بغداد میں خودکش حملہ، 12 افراد جاں بحق اور زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے خود کش حملے میں بارہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے شمال مغربی بغداد کے شعلہ نامی محلے میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔
دہشت گرد گروہ داعش نے شمالی عراق کے صوبے موصل کی آزادی کے لیے فیصلہ کن آپریشن کا وقت قریب آنے سے قبل بغداد میں عام شہریوں کے خلاف حملے تیز کردیئے ہیں۔
دوسری جانب عراق کےوزیراعظم حیدر العبادی نے بدھ کے روز اپنے ایک حکم کے ذریعے عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کو باضابطہ طور پر سرکاری ادارہ قرار دے دیا ہے۔
عراقی وزیراعظم کے جاری کردہ بیان کے مطابق عوامی رضاکار فورس کا ادارہ براہ راست وزارت عظمی کے تحت کام کرے گا اور اسے داعش کے خلاف جنگ کے لیے ضروری تربیت اور اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔