یمن : سپریم پولیٹیکل کونسل کے قیام پر اتفاق، معاہدے پر دستخط
Jul ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ اور نیشنل کانگریس کے درمیان ملکی انتظام چلانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔
تحریک انصاراللہ اور ملک کے سابق صدرعبداللہ صالح کی نیشنل کانگریس کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کے تحت ملکی انتظام چلانے کے لیے ایک سپریم پولیٹیکل کونسل تشکیل دی جائے گی۔
سیاسی کونسل دس ارکان پر مشتمل ہوگی جوآئین کے مطابق ملکی انتظام چلانے کی ذمہ دار ہوگی۔اس کونسل کے قیام کے اعلان کے ساتھ ہی سعودی عرب کے حمایت یافتہ یمن کے مفرورسابق صدرمنصور ہادی کے وفد نے کویت میں جاری امن مذاکرات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔
کویت امن مذاکرات میں شریک انصاراللہ اورنیشنل کانگریس کے وفد نے کہا کہ یمن کا قومی وفد بحران کے جامع حل کی خاطر مذاکرات میں شریک ہے۔ جبکہ ریاض سے آنے والا وفد نہیں چاہتا کہ یہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں۔