Jul ۳۱, ۲۰۱۶ ۰۸:۲۴ Asia/Tehran
  • یمن کے سابق صدر، علی عبداللہ صالح نے سعودی عرب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی تقسیم تمہاری سیکورٹی کے لئے خطرناک ہے۔
    یمن کے سابق صدر، علی عبداللہ صالح نے سعودی عرب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی تقسیم تمہاری سیکورٹی کے لئے خطرناک ہے۔

یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح نے کہا ہے کہ ایران صرف میڈیا کی سطح پر یمن کی حمایت کرتا ہے۔

اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے سابق صدر نے سنیچر کو یمن کی قومی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام کے خلاف برسرپیکار بعض فریقوں کے دعوے کے برعکس ایران صرف صحافتی سطح پر یمن کی حمایت کرتا ہے۔

علی عبداللہ صالح نے تحریک انصاراللہ اور قومی کانگریس پارٹی کے درمیان سیاسی کونسل کی تشکیل کے لئے ہونے والے صنعا معاہدے کے بارے میں کہا کہ اس معاہدے سے کویت میں ہونے والے یمن امن مذاکرات منسوخ نہیں ہوتے- یمن کے سابق صدر نے کہا کہ یہ سیاسی کونسل، اندرون ملک اور ملک سے باہر یمن کی نمائندگی کرے گی اور یہ کویت میں ہونے والے صلاح و مشوروں کو مستحکم کرے گی۔

علی عبداللہ صالح نے ایک بار پھر یمن اور سعودی عرب کے درمیان برابری کی بنیاد پر براہ راست مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سعودی عرب، یمن کے خلاف جنگ اور شہروں پر بمباری کا سلسلہ بند کردے اور یمن کا محاصرہ ختم کر دے تو ہم اس کے ساتھ گفتگو کے لئے تیار ہیں۔

یمن کے سابق صدر نے سعودی عرب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی تقسیم تمہاری سیکورٹی کے لئے خطرناک ہے اور ہمارے ملک کی تقسیم کا مطلب، سعودی عرب کا تین علاقوں میں تقسیم ہونا ہے۔

ٹیگس