اقوام متحدہ، یمن امن مذاکرات کی مدت میں توسیع کی خواہاں
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے نے اس ملک میں متصادم فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن مذاکرات کی مدت ایک ہفتے کے لئے بڑھا دیں۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ نے یہ درخواست، یمن کے مفرور و مستعفی صدر منصورہادی کی جانب سے تحریک انصاراللہ کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کے فیصلے کے دو دن بعد کی ہے۔ اقوام متحدہ کے نمائندے کی حیثیت سے اسماعیل ولد شیخ کی یہ درخواست مذاکرات کو شکست سے بچانے کی آخری کوشش شمار ہوتی ہے-
کویت میں یمن امن مذاکرات کا سلسلہ اپریل کے مہینے سے شروع ہوا ہے- کویت سے فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے سنیچر کو اپنے ٹوئیٹراکاؤنٹ پر لکھا کہ میں نے آج دومذاکراتی وفد سے ملاقات کی اور انھیں تجویز دی کہ ان مذاکرات کو مزید ایک ہفتے کے لئے بڑھا دیں- اسماعیل ولد شیخ نے بحران یمن کے لئے ایک دائرہ کار کی پیشکش کی تاہم اس کی تفصیلات کی جانب اشارہ نہیں کیا-
اقوام متحدہ کے اعداد و شمارکے مطابق، یمن میں مارچ دوہزارپندرہ سے چھے ہزار چار سو سے زیادہ افراد جاں بحق اور اٹھائیس لاکھ افراد دربدر ہو چکے ہیں۔