شمالی مصر میں بم دھماکا ، آٹھ افراد ہلاک اور زخمی
مصری ذرائع نے صوبہ شمالی سینا میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کئی شہریوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے
رپورٹ کے مطابق شمالی سینا کے شہر العریش میں ایک بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے- یہ بم شہرالعریش کے آفیسرز کلب کے قریب ایک کوڑے دان میں رکھا گیا تھا- اس بم دھماکے کا شکار ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں-
العریش، انصاربیت المقدس نامی گروہ سے وابستہ مختلف مسلح گروہوں کی سرگرمیوں کا مرکز ہے- انصار بیت المقدس نے ابھی کچھ ماہ قبل ہی داعش دہشت گرد گروہ کے ساتھ بیعت کی ہے- ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے-
انصاربیت المقدس گروہ نے اب تک مصر کے شمالی سینا کے مختلف علاقوں میں ہونے والے اکثر دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے- یہ دھماکہ فوج کی جانب سے انصاربیت المقدس کے سرغنہ ابودعاء الانصاری کو قتل کرنے کا اعلان کرنے کے دو دن بعد ہوا ہے-
دوہزار تیرہ میں مصر کے سابق صدر مرسی کی برطرفی کے بعد سے فوج اور پولیس پر مسلح گروہوں کے حملے تیز ہوگئے ہیں -