عراق: داعش کی جانب سے کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال
شمالی عراق میں داعش دہشت گرد گروہ نے ایک بار پھر کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے صوبے نینوا کے ڈپٹی گورنر حسین ہاجم نے اعلان کیا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے شمالی عراق میں اپنی حالیہ جارحانہ کارروائیوں میں کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔ حسین ہاجم نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ کی جانب سے موصل کے جنوب میں عوسجہ کے علاقے میں کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کے نتیجے میں درجنوں افراد کو سانس کی بیماری کا سامنا ہے اور تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے پتہ چلا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے عام شہریوں کے خلاف مسٹرڈ گیس کا استعمال کیا ہے۔ شمالی عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی جانب سے مسٹرڈ گیس کا، ایسی حالت میں استعمال کیا گیا ہے کہ انّیس سو ستانوے میں بین الاقوامی کنوینشن میں مسٹرڈ گیس کے استعمال پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔