عراق: بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکے، متعدد جاں بحق اور زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے الدورہ میں دہشت گردانہ بم دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
المسلہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کے روز عراقی فوج کے گشتی دستے کے راستے میں بم کا دھماکہ ہوا جس میں دو عام شہری جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق ایک اور بم دھماکہ بغداد کے شمال مشرقی علاقے الشعب کے بازار کے قریب ہوا جس میں ایک عام شہری جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے جبکہ بغداد کے جنوبی علاقے المدائن میں ہونے والے بم دھماکے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے۔
بم کا چوتھا دھماکہ بغداد کے العامریہ علاقے میں ہوا جس میں ایک عام شہری جاں بحق اور چھے افراد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب عراق کی مشترکہ آپریشن کمان نے اعلان کیا ہے کہ بغداد میں داعش کے خصوصی آپریشن کے انچارج اسماعیل شہاب حمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح عراق کے مغربی صوبے الانبار میں جمعرات کے روز کار بم کے ایک دھماکے میں داعش کے نو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔