عراق: جنوبی بغداد میں بم دھماکہ دو افراد جاں بحق ، نو زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے نہروان کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوگئے ہیں۔
المسلہ ویب سائٹ نے عراق کی وزارت داخلہ کے ایک سیکورٹی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جمعرات کے دن جنوبی بغداد کے علاقے نہروان کے قریب سڑک کے کنارے نصب ایک بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوگئے ۔ امدادی ٹیمیں فورا جائے وقوعہ پر پہنچیں اور انہوں نے وہاں سے لاشیں منتقل کرنے کے علاوہ زخمیوں کو بھی ہسپتالوں میں داخل کروا دیا۔
واضح رہے کہ عراق خصوصا بغداد میں تقریبا روزانہ دہشت گردانہ بم دھماکے ہوتے ہیں اور عام شہریوں کا قتل عام کیا جاتا ہے۔ ان دھماکوں کی ذمےداری عموما دہشت گرد گروہ داعش قبول کرتا ہے۔ اس گروہ کے خلاف عراق کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کا آپریشن جاری ہے جس میں اس دہشت گرد گروہ کو شدید شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دریں اثنا عراق کے سیکورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ جمعرات کے دن موصل پر فضائی حملے کے دوران دہشت گرد گروہ داعش کے سات تکفیری عناصر ہلاک ہوگئے۔ حویجہ میں بھی دہشت گرد گروہ داعش کی گاڑی میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں اس گروہ کا سرغنہ اپنے ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگیا۔