استنبول بم دھماکے کے تازہ ترین اعداد و شمار
ترکی کے شہر استنبول کے گورنر واصیب شاہین نے تازہ ترین اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا ہے کہ استنبول کے ینی بوسنا علاقے میں ہونے والے بم دھماکے میں دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق واصیب شاہین نے جمعرات کے دن کہا کہ بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موٹرسائیکل بم دھماکے میں دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واصیب شاہین کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے ایک ایسے مشتبہ شخص کی تلاش شروع کر دی ہے جس نے سیاہ رنگ کا اوورکوٹ پہن رکھا تھا۔
واضح رہے کہ واصیب شاہین نے اس سے قبل اس بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد پانچ بتائی تھی اور کہا تھاکہ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق بم دھماکے میں متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بعد استنبول شہر کی پولیس چوکس ہوگئی ہے۔ ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمےداری قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب ترکی کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ دہشت گردانہ حملے کی دھمکی ملنے کے بعد صدر ہاؤس کو خالی کر دیا گیا ہے۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق جس علاقے میں صدر ہاؤس واقع ہے وہاں بڑی تعداد میں ترک پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔