عراق: موصل آپریشن میں ترکی کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، العبادی کی تاکید
Oct ۱۶, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
عراق کے وزیر اعظم نے ایک بار پھر تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ موصل آپریشن میں ترکی کو شرکت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے شمالی صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے ترک فوجیوں کی شرکت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موصل آپریشن میں ترکی کی شرکت سے متعلق انقرہ سے کوئی درخواست نہیں کی گئی ہے۔
حیدر العبادی نے کہا کہ عراقی عوام اپنے بل بوتے پر موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موصل میں تنہا عراقی فوج اور عوام دہشت گردوں کے خلاف بر سرپیکار ہیں اور موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی میں کسی بھی غیر ملکی فوج کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔