لبنان کے نومنتخب صدر کی کامیابی میں حسن نصراللہ کا اہم کردار
لبنان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ نومنتخب صدرمیشل عون کو کامیاب کرانے میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کا کردار اہم ہے اور وہ اس انتخابی عمل میں ہمارے اہم شراکت دار ہیں-
یہ بات 'جبران باسیل' نے گزشتہ رات لبنانی دارالحکومت بیروت کے شہدا چوک میں نومنتخب صدر کی کامیابی پرعوامی جشن کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدر منتخب ہونے سے پہلے میشل عون نے سید حسن نصراللہ کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی جس میں انہوں نے لبنان کے صدر کے انتخاب کی راہ میں حائل مسائل کے خاتمے کی مدد پر حسن نصراللہ کا شکریہ ادا کیا-
صدر میشل عون نے کہا کہ لبنان کے قومی مسائل کے حل کے لئے ہم سید حسن نصراللہ کی موثر ہدایات کے لئے پُرامید ہیں۔
واضح رہے کہ لبنانی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز سینئر رکن پارلیمنٹ اور سابق فوجی کمانڈر میشل عون کو لبنان کے تیرہویں صدر کے طور پر منتخب کر لیا- انتخاب کے دوران نئے لبنانی صدر نے ایک سو ستائیس ووٹوں میں سے تراسی ووٹ حاصل کئے۔