شام میں دہشت گردوں کے خلاف روسی میزائل کے حملے
روس نے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جدید قسم کے میزائلوں سے حملہ کیا ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ روس نے شام میں ادلب اور حمص صوبوں میں داعش اور جبھۃ النصرہ کے ٹھکانوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے-
ان میزائلوں کے ذریعے سے دہشت گردوں کے بھاری ہتھیاروں کے گوداموں ، ان کے ٹریننگ کے مراکز اور ان کے اکٹھا ہونے کی جگہوں پر حملے کئے گئے ہیں-
اس رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ بحیرہ روم میں رشین بلیک سی فلیٹ سے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر متعدد میزائل داغے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بحیرہ روم میں روسی بحریہ کی جانب سے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے اس ملک کے مغربی علاقے دیرالزور میں جمعے کے روز ، فوجی ایئرپورٹ میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
دہشت گردوں اور شامی فوج کے درمیان ہونے والی لڑائی میں چھبیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے اور بڑے پیمانے پر ان کے فوجی سازو سامان بھی تباہ کردیئے گئے-
دیرالزور فوجی ایئرپورٹ پر گذشتہ مہینوں کے دوران متعدد بار دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے -
شام سے ہی یہ بھی خبر ہے کہ شامی فوج ، مشرقی حلب کے علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے - دہشت گرد مشرقی حلب کے علاقوں پر راکٹ اور مارٹر گولوں سے حملے کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک بہت سے عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں-