Nov ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران کے نائب صدر بھی اجتماع عزاداران اربعین میں شامل ہوگئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری اربعین حسینی کے موقع پر نجف تا کربلا ملین مارچ میں شرکت کے لئے عراق پہنچ گئے ہیں

اسحاق جہانگیری نجف نے کربلا ملین مارچ میں شرکت کے موقع پر اس مارچ کو امن و آشتی اور حریت پسندی کا مظہر قرار دیا۔ اتوار کے روز انہوں نے نجف سے کربلا کے راستے میں واقع علی بن موسی الرضا علیہ السلام موکب میں باجماعت نماز ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے زور دیکر کہا کہ اربعین ملین مارچ کی انتظامی کمزوریوں کو دور کرکے اسے ایک پائیدار تحریک میں تبدیل کرنا چاہئے۔ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے اربعین امام حسین علیہ السلام کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آغاز اسلام سے آج تک سید الشہدا کے خون نے ہر دل میں ایک جوش و ولولہ پیدا کردیا ہے اور رستگاری کی راہ بھی ہموار کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعین ایک ایسا انوکھا واقعہ ہے کہ جس کی بنیاد پر دسیوں لاکھ عقیدتمند انسان، انصاف اور امن پسندی کے پیغام کو لیکر امام حسین علیہ السلام کے حرم کی راہ پر گامزن ہوجاتے ہیں۔ ایران کے نائب صدر نے کہا کہ عراق دہشت گردوں کے ساتھ برسر پیکار ہے جس نے اربعین ملین مارچ کے انتظام کو مزید دشوار بنادیا ہے۔ موصل آپریشن کے بارے میں انہوں نے عراقی وزیر اعظم سے گفتگو اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ہے۔ ایران کے نائب صدر نے کہا کہ اس وقت موصل کے پندرہ لاکھ شہری متحد ہوکر دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ نائب صدر اسحاق جہانگیری کے ساتھ ایران کے اسپورٹ منسٹرمسعود سلطانی فر بھی ہیں-

ٹیگس