لیبیا کے شہر بنغازی میں دہشت گردانہ بم دھماکہ
لیبیا کے ساحلی شہر بنغازی میں دہشت گردانہ بم دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔
لیبیا کے سیکورٹی ذرائع نے خبر دی ہے کہ بنغازی شہر کے ایک اسپتال کے باہر ہونے والے کار بم دھماکے میں کم سے کم سات افراد ہلاک اور سترہ دیگر زخمی ہو گئے ہیں- دہشت گر د عناصر نے پیر کو بھی بنغازی شہر کے ہی ایک اور اسپتال کے باہر کار بم کا دھماکہ کیا تھا- زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب لیبیا کی قومی اتحاد کی حکومت کی وفادار فوج نے سرت شہر کے آس پاس داعش دہشت گرد گروہ کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا کی فوج نے سرت کے قریب متعدد علاقوں کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے واپس لے لیا ہے-
لیبیا کی قومی اتحاد کی حکومت کی وفادار فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سرت کے علاقے الجیزہ البحریہ کے بھی بہت سے مقامات کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے-
اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس لڑائی میں جہاں متعدد دہشت گرد مارے گئے ہیں وہیں لیبیا کی فوج کے بھی دو جوان ہلاک ہوگئے ہیں- سرت شہر پر داعش کا دو ہزار پندرہ سے قبضہ ہے- سرت شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے لیبیا کی فوج نے مئی میں کارروائی شروع کی تھی جو ابھی تک جاری ہے۔