حیفا شہر میں آتشزدگی کے واقعہ میں ایک سو تیس سے زائد اسرائیلی زخمی
اسرائیل کے ریسکیو سنٹر نے حیفا شہر میں آتشزدگی کے واقعہ میں ایک سو تیس سے زائد اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کےمطابق اسرائیل کے ریسکیو سنٹر نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ایک سو تیس سے زائد اسرائیلی حیفا میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعہ میں زخمی ہو گئے ہیں جبکہ بارہ علاقے خالی کرا لئے گئے ہیں- حیفا میں ہونے والی آتشزدگی کے سبب ستر ہزار اسرائیلی باشندے اپنے گھروں سے نکل گئے ہیں- آگ سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث حیفا کے اللد ایئرپورٹ اور بندرگاہ کو بند کر دیا گیا ہے- اسی طرح غرب اردن کے مرکز رام اللہ میں "مودعین" نامی اسرائیلی ریلوے اسٹیشن کو بھی بند کر دیا گیا ہے-
حیفا میں واقع صہیونی حکومت کی " دامون " اور "کرمل" نامی جیلوں میں قید چھ سو قیدیوں اور ڈیڑھ سو ملازمین کو بھی ان جیلوں سے باہر نکال لیا گیا ہے- اسرائیلی حکام نے بعض ملکوں سے آگ پر قابو پانے کے لئے مدد کی درخواست کی ہے -
واضح کہ دو روز قبل مقبوضہ علاقوں میں لگنے والی آگ صہیونی بستیوں اور غرب اردن کے بعض دیہی علاقوں تک پھیل گئی ہے۔