مصرنے ٹھینگا دکھا دیا، سعودی پالیسیوں کے تابع نہیں، صدر سیسی
مصر کے صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک عالمی میدان میں سعودی عرب کی پالیسیوں کی پیروی نہیں کرتا۔
لبنان کے اخبار السفیر نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے حوالے سے لکھا ہے کہ قاہرہ حکومت، سعودی پالیسیوں کی تابع نہیں ہے۔ مذکورہ اخبار نے مصری ایوان صدر کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر عبدالفتاح السیسی نے کویت کے امیر کے ساتھ ملاقات میں بحیرہ احمر کے دو جزیروں کے معاملے پر بھی سعودی عرب پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔رپورٹ کے مطابق مصری صدر نے کویت کے امیر کے ذریعے سعودی عرب کو پیغام بھجوایا ہے کہ مذکورہ جزیروں کے حوالے سے مصر پر دباؤ ڈالنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مصری صدر نے واضح کردیا ہے کہ سعودی عرب علاقائی اور عالمی سطح کے سیاسی معاملات میں پائے جانے والے اختلاف رائے کا احترام کرے کیونکہ مصر کوئی چھوٹا ملک نہیں ہے جو سعودی عرب کی کاسہ لیسی پر مجبور ہو۔قابل ذکر ہے کہ مصر اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی اس وقت کھل کر سامنے آئی جب قاہرہ حکومت نے ریاض کی خواہش کے برخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کے بارے میں روس کے مسودہ قرار داد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔