Dec ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • لیبیا، سرت شہر داعش کے قبضے سے مکمل آزاد، دہشت گردوں کا مکمل صفایا

لیبیا کی قومی حکومت کے فوجیوں نے سرت شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کی قومی حکومت کے ترجمان رضا عیسی نے پیر کے روز بتایا کہ قومی حکومت کے فوجیوں نے شمالی شہر سرت پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیبیا کی قومی حکومت کے فوجیوں نے دہشت گرد گروہ داعش کے ساتھ چھے مہینے کی لڑائی کے بعد اس شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کیا ہے۔

رضا عیسی کے بقول قومی حکومت کے فوجیوں نے شہر سے داعش کے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا ہے۔ بحیرہ روم کے کنارے واقع ساحلی شہر سرت، لیبیا میں دہشت گردگروہ داعش کے زیرقبضہ آخری اہم علاقہ تھا۔

لیبیا کی قومی حکومت کے فوجیوں نے سرت پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنےکے لیے بارہ مئی کو کارروائی کا آغاز کیا تھا اور انھوں نے بڑی تیزی کے ساتھ اس شہر کے وسیع علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا لیکن داعش نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی گاڑیوں، اسنائپر شوٹرز اور دستی بموں کے ذریعے حکومتی فوجیوں کے سامنے شدید مزاحمت کی۔

واضح رہے کہ داعش نے دو ہزار گیارہ میں لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں موجود انارکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک سال سے زائدعرصہ قبل سرت شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔

ٹیگس