دشمنوں کے پروپیگنڈے اور جھوٹ کا یمنی عوام کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا: عبدالملک الحوثی
یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیکریٹری جنرل نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دشمنوں کے پروپیگنڈے اور جھوٹ کا یمنی عوام کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیکریٹری جنرل سید عبدالملک الحوثی نے اتوار کے روز عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ملت یمن اپنی جانفشانیوں سے سعودی عرب کی جارحیتوں کے مقابل اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی۔اپنی اس تقریر میں جو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دارالحکومت صنعا کے عوام کے لئے نشر کی جا رہی تھی، عبدالملک الحوثی نے سعودی عرب کو انحراف اور تحریف کا سمبل اور نمونہ قرار دیا۔ انھوں نے اسی طرح بعض عرب ممالک کی جانب سے سعودی عرب کی اندھی تقلید اور پیروی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتیں جو تکفیریوں کی حمایت اور ان کی مالی، سیاسی اور تشہیراتی مدد کر رہی ہیں، یقینی طور پر ان کے جرائم میں شریک ہیں۔عبدالملک الحوثی نے اس بات پر زور دیا کہ یمنی عوام کی تمام تر مشکلات کے باوجود آج فلسطین امت اسلامی کا اصلی مسئلہ ہے اور اسرائیل مسجد الاقصی اور فلسطینیوں کی سرزمین پر قبضہ کر کے پوری امت اسلام کے لیے ایک بڑے خطرے میں تبدیل ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے یمن کے دارالحکومت صنعا کے عوام ہزاروں کی تعداد میں شہر کے مرکز میں جمع ہوئے اور انھوں نے یمن پر جارحیت اور اس کا محاصرہ جاری رہنے کی شدید مذمت کی۔