ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بحرینی رہنما کی رہائی کا مطالبہ کردیا
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بحرین کے مجاہد رہنما شیخ علی سلمان کی نو سال قید کی سزا کی توثیق پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری طور پر رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹر نیشنل نے بحرین کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کے رہنما شیخ علی سلمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ حکومت پر، پرامن تنقید کی بناء پر قید کی سزا دیئے جانے کے بجائے انھیں فوری طور پر رہا کئے جانے کی ضرورت ہے۔ بحرین کی اپیل کورٹ نے پیر کے روز بحرین کے مجاہد رہنما شیخ علی سلمان کی نو سال قید کی سزا باقی رکھے جانے کا حکم سنایا ہے۔ بحرین کی سب سے بڑی حکومت مخالف جماعت، جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کو آل خلیفہ نے اپنی حکومت پر تنقید اور پرامن احتجاج کرنے پر جھوٹے الزامات کے تحت قید کی سزا سنانے کے ساتھ ہی ان کی جماعت پر پابندی بھی لگا دی ہے۔ اس سے قبل شیخ علی سلمان کو جولائی دو ہزار پندرہ میں چار برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔