Dec ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیں گے، شامی فوج کا اعلان

شامی فوج نے مشرقی حلب میں مسلح مخالفین کے اشتعال انگیز اقدامات کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق حلب کے رہائشی علاقے صلاح الدین پر راکٹ حملے کے بعد شامی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسلح مخالفین کے اشتعال انگیز اقدامات کا بھرپور جواب دے گی۔ صلاح الدین کے رہائشی علاقوں پر مسلح افراد کے حملے میں دس عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مشرقی شام میں جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے روسی مرکز نے کہا ہے کہ مسلح مخالفین، حلب میں جنگ بندی سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقے میں اپنے عناصر کو پھر سے منظم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ درایں اثنا مسلح مخالفین کے ایک گروپ فری سیرین آرمی کے ایک مقامی سرغنہ نے کہا ہے کہ مشرقی حلب میں حملے دوبارہ شروع کر دیئے گئے ہیں۔ اسی دوران اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مشرقی حلب سے مسلح افراد اور عام شہریوں کے انخلا کے عمل میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے تاہم، عالمی ادارہ اس پروگرام پر عمل درآمد میں مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ مشرقی حلب میں پچھلے چند ماہ کے دوران شامی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوتی رہی ہیں تاہم گذشتہ دنوں ایک معاہدے کے فریقین نے جنگ بندی اور علاقے سے مسلح افراد کے انخلا پر اتفاق کیا تھا۔

 

ٹیگس