شام کی سرزمین پر صیہونی جنگي طیاروں کی بمباری
صیہونی جنگي طیاروں نے شام کے حلب شہر اور السویدا کے خلخلہ ہوائي اڈے پر بمباری کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی جنگي طیاروں نے شمالی شام کے حلب شہر میں واقع اسلحے کے کارخانے پر بمباری کی ہے تاہم ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں کوئي رپورٹ موصول نہيں ہوئی ہے۔
اسرائيلی اخبار یدیعوت احارونوت اور معاریو نے بھی بتایا ہےکہ اسرائیلی جنگي طیاروں نے دمشق کے مغرب میں واقع تل الشحم فوجی چھاونی پر بمباری کی ہے۔ صیہونی فوجیوں نے شام کے جنوب مغرب میں پیش قدمی کرتے ہوئے " المنطرہ " ڈيم پر قبضہ کر لیا ہے جو اس علاقے میں پانی کا سب سے اہم ذخیرہ ہے۔المنطرہ ڈیم کا قنیطرہ صوبے کے لئے ضروری پانی کی سپلائی میں اہم رول ہے تاہم شام کے موجودہ حکام نے صیہونی فوج کے اس اقدام پر ابھی تک کوئي رد عمل ظاہر نہيں کیا ہے ۔
گزشتہ شب بھی صیہونی جنگي طیاروں نے السویدا صوبے میں واقع خلخلہ فوجی ايئر بیس پر بمباری کی ۔ شام کے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ خلخلہ فوجی ہوائی اڈے پر شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ صیہونی حکومت کے کسی بھی سرکاری عہدہ دار نے ابھی تک اس کے بارے میں کوئي رد عمل ظاہر نہيں ہے۔ صیہونی حکومت کی جانب سے شام کے مختلف علاقوں پر بمباری ایسے حالات میں جاری ہے کہ جب شام کے موجودہ حکام اس پر کوئي رد عمل ظاہر نہيں کر رہے ہیں۔