Dec ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • یمن: سعودی ایجنٹوں پر خودکش حملہ، چالیس سے زائد ہلاک

یمن کے جنوبی شہر عدن میں ایک خودکش حملے میں چالیس سعودی ایجنٹ ہلاک ہو گئے۔

فرانس پریس نے فوجی حکام اور طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے یمن کے شہر عدن میں سعودی اتحاد کے فوجیوں پر خودکش حملہ کیا جس میں چالیس سے زائد سعودی ایجنٹ ہلاک اور دسیوں دیگر زخمی ہو گئے۔ ان ذرائع کے مطابق یہ زرخرید ایجنٹ اپنے پیسے وصول کرنے کے لیے عدن کے علاقے العریش میں ایک فوجی اڈے میں جمع ہوئے تھے۔ دوسری جانب سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے دارالحکومت صنعا اور الحدیدہ صوبے میں مختلف بنیادی تنصیبات پر ایک بار پھر بمباری کی ہے۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ہفتے کی رات صلیف اور کمران جزیرے کی بندرگاہوں اور صوبہ حدیدہ کے علاقے الجنانہ کے ساحلی دفاع کو بھی نشانہ بنایا۔ سعودی جنگی طیاروں نے اسی طرح مندبہ، الثعبان اور آل الحماقی علاقوں پر چھبیس بار بمباری کی جبکہ صوبہ صنعا کے علاقے القرن پر بھی تین بار بمباری کی۔ جبکہ صوبہ صعدہ کے کہلان کیمپ پر چودہ مرتبہ بمباری کی۔ واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک تقریبا گیارہ ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ سعودی عرب اپنے حملوں میں اسکولوں، اسپتالوں، رہائشی علاقوں، پناہ گزینوں کے کیمپوں اور بنیادی تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے اور اس نے اپنے حملوں میں کئی مرتبہ کلسٹر بموں سمیت مختلف قسم کے ممنوعہ ہتھیار استعمال کیے ہیں۔

ٹیگس