Dec ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۱ Asia/Tehran
  •  برطانیہ سعودی عرب کے جنگی جرائم میں برابر کا شریک ہے، یمنی وزیر اعظم

یمن نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر اعظم نے برطانیہ کو سعودی عرب کے جنگی جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔

یمن کے وزیراعظم عبدالعزیز بن حبتور نے کہا کہ برطانیہ بھی یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم میں شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن کو انسانی حقوق سے زیادہ اسلحہ کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کی فکر لاحق ہے۔
برطانوی حکام سعودی عرب کے ساتھ اسلحہ کی فروخت کے بارے میں کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریز کر رہے ہیں۔ برطانیہ نے گزشتہ نومبر میں سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت بند کرنے سے انکار اور دو پارلیمانی کمیٹیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔ دوسری جانب عوامی تحریک انصار اللہ کے ایک عہدیدار امین حاکم نے کہا ہے کہ عالمی برادری سے دنیا کی کمزور قوموں کی حمایت کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ جیسی سامراجی طاقتوں نے نام نہاد عالمی برادری قائم کر رکھی ہے جو عرب ملکوں میں سامراجی طاقتوں کی آمد کا راستہ ہموار کر رہی ہے۔
انہوں نے یمن پر قبضہ جمائے رکھنے کی امریکی اور برطانوی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ فروری کے یمنی نوجوانوں کا انقلاب دراصل سامراجی تسلط سے آزادی اور جارح قوتوں کو منہ توڑ جواب تھا۔
امین حاکم نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلاتفریق مذہب، جارح دشمن کے مقابلے میں متحد اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔

 

ٹیگس