شام کے شہروں فوعہ اور کفریا کے مریضوں اور زخمیوں کی حلب منتقلی
شام کے محاصرہ شدہ شہروں فوعہ اور کفریا سے بسوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے، مریضوں اور زخمیوں کو حلب منتقل کر دیا گیا-
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق ان بسوں اور ایمبولینسوں کے حلب میں داخل ہونے کے ساتھ ہی سیکڑوں دہشت گرد بھی حلب کے مشرقی علاقوں سے نکل کر جنوب مغربی حلب کے راشدین علاقے میں منتقل ہو گئے-
اس رپورٹ کے مطابق عنقریب ہی مزید بیس بسوں کے ذریعے بعض دیگر دہشت گردوں کو، الزبدیہ، المشھد، صلاح الدین اور الانصاری علاقوں سے راشدین کے علاقے میں منتقل کیا جائے گا- ایسے میں جبکہ مشرقی حلب کے علاقے، دہشت گردوں سے خالی ہو رہے ہیں، ابھی تک محاصرہ شدہ علاقوں فوعہ اور کفریا کے باشندوں کا تین مرحلوں میں انجام پانے والے انخلا کا عمل انجام نہیں پایا ہے-
شام کی حکومت اور مسلح گروہوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کی بنیاد پر پہلے مرحلے میں فوعہ اور کفریا کے محاصرہ شدہ علاقوں سے ڈھائی ہزار بیماروں اور زخمیوں کو نکالا جائے گا- واضح رہے کہ دو محاصرہ شدہ شہروں فوعہ اور کفریا پر دہشت گردوں نے اٹھائیس مارچ دو ہزار پندرہ کو قبضہ کر لیا تھا-