Dec ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • شام: حلب سے دہشت گردوں اور عام شہریوں کا انخلا جلد مکمل ہو جائے گا

عالمی ریڈ کراس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ شام کے شہر حلب کے مشرقی علاقے میں باقی بچے عام شہریوں اور مسلح مخالفین کے انخلا کا آخری مرحلہ بھی آئندہ چند گھنٹے میں مکمل ہو جائے گا۔

عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے ترجمان اینگی سدگی نے اعلان کیا ہے کہ شام کے شہر حلب کے مشرقی علاقے میں بچے ہوئے چند ہزار افراد بھی جمعرات کو چالیس بسوں اور سیکڑوں پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے حلب کے مشرقی علاقے سے نکل جائیں گے- عالمی ریڈکراس کمیٹی کے مطابق حلب کے مشرقی علاقے سے مخالف مسلح افراد  اور عام شہریوں کے انخلا کی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک ڈھائی لاکھ عام شہری اور مخالف مسلح عناصر بین الاقوامی اداروں کی نگرانی میں وہاں سے باہر نکل چکے ہیں- اس درمیان شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ حلب شہر اس وقت پوری طرح شامی فوج کے کنٹرول میں آگیا ہے- دی پرس سیریہ نامی ویب سائٹ نے لندن میں قائم شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شامی فوج  نے پورے حلب شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے کیونکہ اب مسلح مخالفین کا آخری گروہ بھی حلب سے نکل گیا ہے-  شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز نے، جو شامی حکومت کے مخالفین سے وابستہ ادارہ ہے، اعلان کیا ہے کہ صرف ایک چھوٹا سا ہی علاقہ حلب کے مشرق میں دہشت گردوں کے قبضے میں رہ گیا ہے- دوسری جانب اقوام متحدہ کے ایک عہدیدار نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ  مختلف گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے مسلح مخالفین اور دہشت گرد عناصر مشرقی حلب سے مسلسل باہر نکل رہے ہیں- شامی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ اگر دہشت گرد عناصر مشرقی حلب سے نکلنے کے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی نہیں کریں گے تو جمعرات تک مشرقی حلب سے دہشت گردوں کا انخلا مکمل ہو جائے گا-

ٹیگس