بغداد میں دہشتگردانہ حملہ، 21 افراد جاں بحق
Dec ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۲:۰۳ Asia/Tehran
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک مصروف مارکیٹ کے قریب ہونے والے دھماکوں میں کم سے کم 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
عراق کے السومریہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کی صبح "السنک" نامی مارکیٹ میں دو دھماکے ہوئے ہیں۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دہشتگردانہ حملے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ جس کے باعث جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جمعرات کو جنوبی بغداد میں واقع المعالف علاقے میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں ایک عام شہری جاں بحق اور چھے دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ داعش کو عراقی فوج اور عوامی فورسز کے ہاتھوں پے درپے شکست ہورہی ہے جس پر پردہ ڈالنے کے لئے یہ تکفیری دہشتگرد گروہ نہتے عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔