موصل میں داعش کے تین سرغنے ہلاک
عراقی سیکورٹی فورس نے موصل آپریشن کے دوران داعش کے تین اہم سرغنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
ہلاک ہونے والے داعش کے سرغنوں کے نام ابوخطاب، ابو یاسین اور معاویہ بتائے جاتے ہیں۔عراقی پولیس فورس کے مطابق تینوں تکفیری سرغنے اس وقت ہلاک ہوگئے جب سیکورٹی فورس کے جوانوں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مشرقی موصل میں واقع داعش کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔
دوسری جانب امریکی ذرائع نے داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے زندہ ہونے کی خبریں جاری کی ہیں۔ اس سے پہلے عراق کے صوبے نینوا کے مقامی ذرائع نے بھی بتایا تھا کہ ابوبکر البغدادی کو صوبے کے مغربی علاقے میں دیکھا گیا ہے۔
درایں اثنا دہشت گرد گروہ داعش نے عراقی دارالحکومت بغداد میں ہونے والے دو بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ عراقی پولیس اور اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بغداد کے دہشت گردانہ حملوں میں کم سے کم اٹھائیس افراد جاں بحق اور چوّن زخمی ہوئے ہیں۔