2017 میں لیبیا کے بحران کے حل پر اقوام متحدہ کی تاکید
لیبیا کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ دو ہزار سترہ کا سال لیبیا کے بحران اور اس ملک میں امن کے قیام کا سال ہونا چاہئے۔
لبنان کےالمیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے "مارٹن کوبلر" نے مراکش، افریقہ اور عرب ملکوں کے امور میں الجزائر کے وزیر مملکت "عبدالقادر مساھل" کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ دو ہزار سترہ کا سال لیبیا میں بحران کے حل اور اس ملک میں امن قائم ہونے کا سال ہونا چاہئے-
لیبیا کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اسی طرح لیبیا میں امن و استحکام کی بحالی کی ضرورت پر بھی تاکید کی- لیبیا ، سن دو ہزار گیارہ میں شروع ہونے والے انقلاب کے آغاز کے وقت سے ہی، جو معمر قذافی کی حکومت کے سرنگوں ہونے پر منتج ہوا، امریکہ اور بعض یورپی اور علاقائی ملکوں کی مداخلت کے ساتھ ہی تشدد اور سیاسی عدم استحکام سے دوچار ہے-