یمن کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے فوج اور عوامی رضاکارفورس کی حمایت کا اعلان
یمن کی سیاسی جماعتوں اور عوامی تنظیموں نے دشمنوں خاص طور پر سعودی دشمن کے مقابلے میں یمنی افواج کی حمایت کا اعلان کیا ہے
یمن کی خبررساں ایجنسی سبا نے خبردی ہے کہ یمن کی سیاسی جماعتوں اور عوامی تنظیموں کے رہنماؤں اور نمائندوں نے صنعا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی عزت و شرف اور ملک کی سیکورٹی اور استحکام کے دفاع کے لئے یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی حمایت کرتے ہیں - دشمنان یمن کی مخالف جماعتوں کے اتحاد کے سربراہ عبدالملک الحجری نے اس پریس کانفرنس میں یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد شیخ کے طرز عمل کی مذمت کی اور کہا کہ وہ یمنی عوام کے قتل عام اور یمن کی تباہی و بربادی میں یمن کے دشمنوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں - یمن کے نوجوانوں کی تنظیم عدالت اور ترقی کے سیاسی دفتر کے سربراہ فرحان ہاشم نے بھی سعودی عرب اور امریکا کے جارحانہ اقدامات کے مقابلے میں قومی محاذ میں اتحاد کی اہمیت پر زوردیا - عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن حزام الاسد نے بھی اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کی سبھی سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کو ملک کے دفاع اور ملکی مسائل کے حل کے لئے آگے آنا چاہئے - اس درمیان یمنی فوج نے جمعرات کو جنوب مغربی صوبے تعز میں سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں کی پیشقدمی کو روک دیا - اس کارروائی میں جو صوبہ تعز کے جبل حبشی علاقے میں انجام دی گئی سعودی عرب کے بہت سے اتحادی فوجی مارے گئے -