سعودی دارالحکومت ریاض پر یمنی فوج کا پہلا میزائلی حملہ
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر بمباری کی ہے جبکہ جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمنی فوج نے پہلی بار سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک فوجی اڈے پر بیلیسٹیک میزائل سے حملہ کیا ہے
العالم نے خبردی ہے کہ یمنی فوج نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مغربی علاقے المزاحمیہ میں واقع ایک فوجی اڈے پر بیلیسٹیک میزائل سے حملہ کیا ہے - سعودی دارالحکومت ریاض پر یمنی فوج کا یہ پہلا میزائلی حملہ ہے - یمنی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض بھی یمنی فوج کے میزائل سے محفوظ نہیں ہے - بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ میزائلی حملہ یمنی فوج کے بیلیسٹیک میزائل کی رینج کا اندازہ لگانے کا ایک اچھا تجربہ ہے - ریاض کے شہریوں نے بھی سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ انہیں اس فوجی اڈے سے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی ہے - یمنی فوج کے میزائلی یونٹ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ میزائلی حملہ یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں کیا گیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ بعد والا حملہ اس سے کہیں زیادہ سخت ہوگا - بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے مظلوم عوام کا دفاع کرنا یمنی فوج کا قانونی اور جائز حق ہے - یمنی فوج کے میزائلی یونٹ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یمن پر وحشیانہ سعود ی جارحیت مغربی ملکوں اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی مدد سے انجام پا رہی ہے - اس درمیان یمنی فوج نے سعودی عرب کے سرحدی شہر جیزان میں بھی ایک سعودی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے - مہرنیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ یمنی اسنائپروں نے سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں سرحد پر واقع سعودی شہر جیزان میں ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا جس میں کم سے کم ایک سعودی فوجی ہلاک ہوگیا - دوسری جانب جیزان میں ہی سعودی عرب کے الحمام فوجی اڈے پر بھی یمنی فوج نے حملہ کیا ہے جس میں سعودی فوج کی کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں - ادھریمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملے پیر کو بھی جاری رہے - سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے صوبوں صعدہ ، الحدیدہ ، تعز اور ذی مار کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی جس میں متعدد یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے جبکہ رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے - المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ کے شہر مجز میں گیس ٹینکر اور ایک عام شہریوں کی کارکو نشانہ بنایا جس میں کم سے کم چار یمنی شہری شہید ہوگئے - جبکہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ الحدیدہ کے الصلیف شہر کے راس عیسی علاقے پر بھی چار بار بمباری کی - صوبہ تعز کا علاقہ مخا اور موزّع بھی سعودی جارح طیاروں کی زد پر رہا ہے ان حملوں میں بھی متعدد یمنی شہری شہید اور زحمی ہوئے ہیں- سعودی عرب کے وحشیانہ ہوائی حملوں میں صوبہ ذی مار کے بھی رہائشی علاقوں میں عام شہریوں کو خاصا جانی اور مالی نقصان پہنچا - دریں اثنا یمن کے وزیراطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل آبنائے باب المندب پر القاعدہ اور داعش کو مسلط کرانا چاہتے ہیں - یمن کے وزیر اطلاعات و نشریات احمد محمد حامد نے یمن کی خبررساں ایجنسی سبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے باب المندب کے لئے سب سے بڑا خطرہ امریکا اور اسرائیل ہیں اور دونوں نے ہمیشہ اپنے فوجی بازو کی حیثیت سے القاعدہ اور داعش کی مدد کی ہے- واضح رہے کہ آبنائے باب المندب مال بردار بحری جہازوں کی انتہائی اہم اور اسٹریٹیجیک بین الاقوامی آبی گذر گاہ ہے -