انسداد منشیات سے متعلق ایران پاکستان اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس
منشیات کی اسمگلنگ کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران ، افغانستان اور پاکستان کا بارہواں سہ فریقی اجلاس ویانا میں منعقد ہوا
ویانا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں انسداد منشیات سے متعلق ایران ، پاکستان اور افغانستان کے ماہرین کا اجلاس ہوا جس کی میزبانی ایران نے کی ہے - اس اجلاس میں ایران کے ادارہ انسداد منشیات کے حکام ، افغانستان کے نائب وزیر داخلہ اور پاکستان کے ادارہ انسداد منشیات کے ڈائریکٹر نے شرکت کی - اجلاس میں منشیات کی روک تھام کے طریقہ کار اور باہمی تعاون خاص طور سے اس سلسلے میں مشترکہ پروگرام کی کارکردگی بڑھانے اور دوہزار سترہ اور اٹھارہ کے پروگرام کا روڈ میپ تیار کرنے پر غور و خوض کیا گیا- اس سلسلے کا آئندہ سہ فریقی اجلاس ، دوہزارسترہ کی تیسری سہ ماہی میں کابل میں ہوگا- رپورٹوں کے مطابق دوہزار سولہ میں افغانستان میں منشیات کی پیداوار میں تقریبا پچاس فیصد اضافہ ہوا تھا اور منشیات کی پیداوار دوہزار سولہ میں دوہزار پندرہ کے مقابلے میں نو ہزار ٹن زیادہ ہوگئی تھی - اسلامی جمہوریہ ایران ، دنیا میں انسداد منشیات کے محاذ پر فرنٹ لائن پر ہے اور اس کی روک تھام کے لئے اب تک اس کے تین ہزار پانچ سو سے زیادہ سیکورٹی اہلکار شہید اور دس ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں -