Feb ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • ویلنٹائن ڈےغیراسلامی اوراخلاق سوزمغربی تہوار

ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی اوراخلاق سوز مغربی تہوار ہے۔

جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ پیر سید مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ کی اپیل پر جماعت اہلسنّت کے 50 مفتیان کرام نے ویلنٹائن ڈے کیخلاف اجتماعی شرعی اعلامیہ میں کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی اوراخلاق سوز مغربی تہوار ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ تہوار عریانی، فحاشی اور بے حیائی کے فروغ کا سبب ہے اس لئے مسلم نوجوان اور پوری قوم اس مغربی تہوار کا بائیکاٹ کرے، اسلام کے بیٹے اور بیٹیاں اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی و مشرقی روایات کے منافی ویلنٹائن ڈے کو مسترد کر دیں کیونکہ ویلنٹائن ڈے منانا شیطان کی پیروی اور اللہ کےعذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ویلنٹائن ڈے کے نام پرعریانی و فحاشی کا فروغ اسلام دشمن طاقتوں کی سازش ہے۔

شرعی اعلامیہ میں اپیل کی گئی ہے کہ والدین اپنی اولاد کو ویلنٹائن ڈے سے دور رکھنے کا بندوبست کریں، نوجوان نسل اپنے دلوں میں محبت رسول کی شمع روشن کرے، اسلام غیر محرم خواتین سے ملاقاتیں اور ناجائز تعلقات کی اجازت نہیں دیتا،اسلام عریانی، فحاشی اور بے حیائی سے دور رہنے کی سختی سے ہدایت کرتا ہے، اسلام نے بے حیائی کو بد ترین گناہ قرار دیا ہے، اس لئے مسلمان دنیا و غیر شرعی محبتوں اور تعلقات سے دامن بچا کر قرآن و صاحب قرآن سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔

ویلنٹائن ڈے مسلم نوجوانوں اور مسلم خواتین کے اخلاق تباہ کرنے اور انہیں اسلام سے دُور لے جانے کی گہری سازش ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ویلنٹائن ڈے مسلمانوں کا تہوار نہیں، مسلمان اللہ اور اس کے رسول کی محبت کیساتھ ساتھ اپنے والدین اور بہن بھائیوں سے محبت کریں۔

شرعی اعلامیہ میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے غیر شرعی تہواروں پر پابندی عائد کرے۔ واضح رہے کہ ویلنٹائن ڈے 14 فروری کو منایا جاتا ہے۔

جن مفتیان کرام نے شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں مفتی محمد اقبال چشتی، علامہ سید شمس الدین بخاری، مفتی فضل جمیل رضوی، علامہ بشیر القادری، علامہ محمد اکرم سعیدی، علامہ فاروق خان سعیدی، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، علامہ حمید الدین رضوی، علامہ ابرار احمد رحمانی، علامہ خلیل الرحمن چشتی، علامہ لیاقت علی، علامہ مفتی ضیاء الحسنین صدیقی، علامہ خورشید احمد شمس القادری، علامہ غلام حیدر، علامہ رضوان انجم، مولانا بشیر محمد نقشبندی، علامہ خالد حسن مجددی، مولانا محمد حنیف چشتی، علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی، علامہ رضوان یوسف، علامہ عثمان غنی، مفتی فیض بخش رضوی، علامہ منظور عالم، علامہ سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی، علامہ سید غلام حسین شاہ، مفتی ظفر جبار چشتی، علامہ حافظ یعقوب فریدی، علامہ محمد اشرف سعیدی شامل ہیں۔

 

ٹیگس