یمنی فوج کی جوابی کارروائی میں سعودی فوجی کمانڈر کی ہلاکت
یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی جارحیت کے جواب میں کارروائی کر کے سعودی اتحاد کے ایک فوجی کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں میزائل حملہ کر کے میجر جنرل احمد سیف الیافعی کو ہلاک کر دیا۔
بحیرہ احمر کے آبنائے باب المندب پر یمنی فوج کے جوابی حملے میں الیافعی شدید طور پر زخمی ہو گیا تھا جو فوری امداد ملنے کے باوجود زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہو گیا۔
الیافعی، یمن کے سابق و مستعفی صدر منصور ہادی کا ایک کمانڈر تھا۔
ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کی جوابی کارروائی میں سعودی اتحاد کے کئی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جن میں فوجی کمانڈر بھی شامل ہیں۔ یمنی فوج اور عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے جوانوں نے جنوب مغربی یمن میں واقع صوبے تعز کے علاقے الحنانی میں سعودی اتحاد کے ٹھکانے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
یمنی فوج کے ترجمان شرف غالب نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی بری فوج، یمنی فوج کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہیں رکھتی۔ اس ترجمان کے مطابق یمنی فوج کے میزائل حملوں سے دشمن بوکھلا اٹھے ہیں اور وہ یمنی فوج کے جوابی حملوں کا مقابلہ نہیں کر پا رہے ہیں۔
دوسری جانب سعودی جنگي طیاروں نے صوبے مآرب میں جبل الاحمر کے رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی جس میں چھے عام شہری شہید ہو گئے جن میں تین بچے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت میں اب تک گیارہ ہزار چار سو سے زائد عام شری شہید اور دسیوں ہزار دیگر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ جو یمنی شہری اس جارحیت میں زندہ بچے ہیں وہ سخت حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔