موصل ایئر پورٹ پر عراق فوج کا کنٹرول
عراقی افواج نے موصل شہر کو آزاد کرانے کی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو ایک اہم کامیابی اس وقت حاصل کی جب انہوں نے موصل ہوائی اڈے کو داعش کے قبضے سے پوری طرح آزاد کرالیا۔
موصل سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہےکہ عراقی افواج نے موصل شہر کے ہوائی اڈے کو پوری طرح داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے جسے داعش کا ایک مضبوط گڑھ سمجھاجاتا تھا۔
اطلاعات ہیں کہ عراقی افواج نے موصل کے مغربی علاقے کا محاصرہ مزید تنگ کردیا ہےاور موصل شہر سے متصل داعش کی ایک بڑے اڈے کے قریب پہنچ گئی ہیں-
عراقی فوج موصل شہر سے متصل داعش کی ایک بڑے اڈے کے قریب پہنچ گئی
عراق کے فوجی ذرائع کا کہنا ہےکہ موصل ہوائی اڈے کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں سریع الحرکت فورس اور انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں نےبھی حصہ لیا-عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے اس سے پہلے خبردی تھی کہ عراقی افواج موصل ہوائی اڈے کے اندر داخل ہوگئی ہیں-
اس درمیان عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے موصل کے مغربی علاقوں کی آزادی کی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کی جان کی سلامتی کا خاص خیال رکھے جانے پر تاکید کی ہے-عراقی وزیراعظم نے موصل کے مغربی علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی اہم کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ موصل کے مغربی علاقے کو آزاد کرانے کی کارروائیاں تمام تر مشکلات کے باوجود توقع سے کہیں زیادہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی اور ہم اپنے طے شدہ پروگرام سے آگے چل رہے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی صوبے بصرہ کے سیکورٹی حکام نے الشعبیہ آئل ریفائنری پر بم دھماکے کی ایک کارروائی کو ناکام بنادیے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ دو دہشت گردوں نے ایک ٹرک میں دھماکہ خیز مواد لوڈ کیا تھا جس کے ذریعے وہ بصرہ کی الشعبیہ آئیل ریفائنری کو اڑانا چاہتے تھے لیکن سیکورٹی فورس نے دہشت گردانہ کارروائی سے پہلے ہی ان دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا-
ادھر کربلائے معلی میں بھی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی ایک گاڑی کوپکڑ لیا اور یوں دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنادیا-
مشرقی صوبے دیالہ کے شہر خالص کے گورنر عدی خدران نے کہا ہے کہ شہرمیں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر کار بم دھماکے میں چار افراد جاں بحق اور نو دیگر زخمی ہوگئے-
دریں اثنا یہ بھی اطلاعات ہیں کہ موصل کے مغرب میں امریکا داعش کی مدد کررہاہے-تلعفر میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بدھ کوداعش کے زیرکنٹرول علاقے میں ایک امریکی طیارے سے چھے افراد باہر نکلے اور انہوں نے کئی پیکٹ داعش کے حوالے کئے۔ عراقی افواج کا بھی کہنا ہے کہ امریکی طیارے داعش کے لئے بستے اور پیکٹ گرارہے ہیں- خبروں میں کہا جارہا ہے کہ امریکی حکام کوشش کررہے ہیں کہ محاصرے میں آئے ہوئے داعش کے عناصر کو کسی طرح محفوط مقامات پرمنتقل کردیں-