لیبیا میں جھڑپوں کا نیادور
Feb ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
لیبیا میں دو متوازی حکومتوں سے وابستہ نیم فوجی دستوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں قومی نجات اور قومی آشتی کی حکومتوں سے وابستہ مسلح افراد کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں دو عام شہریوں سمیت کم از کم چھے افراد ہلاک اور سولہ دیگر زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق جھڑپوں کے دوران دونوں طرف سے مختلف قسم کے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
لیبیا کی ہلال احمر کمیٹی نے علاقے سے عام شہریوں کو نکالنے کے لئے حالات کو ناسازگار بتایا ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ صورت حال میں لیبیا میں اس وقت مختلف عناوین کے ساتھ تین حکومتیں اور دو فوجیں موجود ہیں اور ان میں سے ہر کوئی اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جبکہ اس ملک میں دسیوں چھوٹے چھوٹے جنگجو گروہ بھی سرگرم عمل ہیں۔