کابل، دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد 16 ہوگئی
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو خود کش بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کابل میں بدھ کے روز دو سیکورٹی کمپاؤنڈز کو طالبان کے خود کش حملہ آوروں نے نشانہ بنایا تھا۔ ان حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے جبکہ 44 زخمی ہوئے ہیں۔
ان حملوں میں خاص طور سے پولیس اکیڈمی اور فوجی تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔
افغان وزارت داخلہ نے بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق کردی ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے طالبان گروہ کی جانب سے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ دو ہزار ایک میں افغانستان پر امریکہ کے حملے کے بعد اس ملک سے طالبان حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا مگر اس ملک میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کی بنا پر اس گروہ نے افغانستان کے بعض علاقوں پر ایک بار پھر قبضہ کر لیا ۔