سلامتی کونسل کی جانب سے کابل کے دہشت گردانہ دھماکوں کی مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحد کی سلامتی کونسل نے کابل شہر میں فوجی مراکز کے قریب دو دہشت گردانہ بم دھماکوں کی، کہ جن میں بائیس افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شدید مذمت کی ہے-
ان دھماکوں کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے- سلامتی کونسل کے پندرہ ممبر ملکوں نے افغانستان میں سیکورٹی کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کونسل کو افغانستان کے مختلف علاقوں میں داعش اور طالبان کی خطرناک سرگرمیوں پر سخت تشویش ہے-
سلامتی کونسل کے ارکان نے اپنے بیان میں اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کے ذمہ داروں اور ان کے حامیوں اور سہولتکاروں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا-
سلامتی کونسل کے ارکان نے کابل کے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کے لواحقین اور افغان عوام و حکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کا اتحاد ہی ملک کے بحران پر قابو پانے کا واحد طریقہ ہے-
واضح رہے کہ افغانستان کی سیکورٹی کی ابتر صورتحال پر سلامتی کونسل کے ارکان نے ایک ایسے وقت میں تشویش کا اظہار کیا ہے جب مذکورہ کونسل کے بعض ارکان، افغانستان میں سرگرم دہشت گرد اور حکومت مخالف گروہوں کو مالی اور اسلحہ جاتی مدد پہنچا رہے ہیں-