شام میں دہشتگردانہ دھماکوں کی مذمت
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے شام میں حضرت سکینہ بنت الحسین کے مزار کے قریب بم دھماکوں کی پُرزور مذمت کی ہے۔
لاہور میں ضلعی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ امریکی فوجیں اترنے کے بعد عراق و شام میں انبیائے کرام، اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کے مزارات دہشتگردوں کا مسلسل ٹارگٹ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دمشق میں 46 سے زائد زائرین کی شہادت استعماری کیمپوں میں پلے دہشتگردوں کی کارستانی ہے، مسلم ممالک مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لئے مشترکہ اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے اسلامی مقامات مقدسہ پر حملوں کا نوٹس لیں اور مغربی ممالک دہشتگردوں کی فنڈنگ بند کریں۔
سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ جنت البقیع کی مسماری سے شروع ہونے والی مقامات مقدسہ کی تباہی کی آگ پوری دنیا میں پھیل چکی ہے اورعالمی امن کے لئے خطرہ ہے، اسے بروقت قابو نہ کیا گیا تو دنیا میں خانہ جنگی پھیل سکتی ہے جس کا زیادہ نقصان مغرب اور استعماری قوتوں کے آلہ کار مسلم حکمرانوں کو ہوگا۔
واضح رہے کہ سنیچر کے روز دمشق میں ہونے والے دہشتگردانہ دھماکوں میں 46 زائرین، جن میں زیادہ تعداد عراقی زائرین کی تھی، شہید اور 120 زخمی ہوئے۔