Mar ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۳:۲۰ Asia/Tehran
  • عراق: موصل ریلوے اسٹیشن بھی داعش کے قبضے سے آزاد

عراقی فوج اور پولیس فورس کے جوانوں نے جنوبی موصل کے اہم ترین ریلوے اسٹیشن اور بس ٹرمنل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔

عراق کی وفاقی پولیس کے سربراہ جنرل رائد شاکر جودت نے کہا ہے کہ پولیس کے فورس کے جوانوں نے موصل کے ریلوے اسٹیشن کے علاوہ ایک بس ٹرمنل کو بھی داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
آزاد ہونے والا ریلوے اسٹیشن جنوبی عراق کا اہم ترین جنکشن تھا جہاں سے ترکی، شام، بغداد اور بصرہ کے لیے سامان کی ترسیل کی جاتی تھی۔
اطلاعات ہیں کہ اس وقت جنوبی موصل کے قدیم علاقے میں واقع ایک اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں داعشی دہشت گردوں کے ساتھ سنگین لڑائی ہو رہی ہے۔
تنگ گلیوں اور سڑکوں کے باعث اس علاقے میں لڑائی انتہائی دشوار ہو گئی ہے کیونکہ فوج کے ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں، اس علاقے کے اندر داخل نہیں ہو سکتیں۔
عراقی فوج، انیس فروری سے اب تک مغربی موصل کے چالیس فی صد سے زائد علاقے کو داعشی دہشت گردوں سے آزاد کرا چکی ہے۔
دوسری جانب عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ موصل کی آزادی کے لیے جاری آپریشن، اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور عراقی فوج نے صوبہ دیالہ، الانبار اور موصل میں داعشیوں کو ایسا سبق سکھایا ہے جو انہیں عمر بھر یاد رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت، آزاد ہونے والے علاقوں کی تعمیر نو پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور موصل کی مکمل آزاد کے بعد ملک میں بدعنوایوں کے خلاف جنگ کی جائے گی۔

 

ٹیگس