الشعیرات ہوائی اڈے سے دہشت گردوں کے خلاف فضائی آپریشن پھر شروع
شام کے الشعیرات فوجی اڈے پر امریکی حملے کے ایک دن بعد شامی جنگی طیاروں نے اس فوجی اڈے سے آپریشن پھر شروع کر دیا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق شامی حکومت کے مخالفین سے وابستہ نام نہاد ہیومن رائٹس آبزر ویٹری گروپ کا کہنا ہے کہ شامی جنگی طیاروں نے حمص کے الشعیرات فوجی اڈے پر امریکہ کے میزائلی حملے کے بعد دوبارہ اس فوجی ہوائی اڈے سے پروازیں بھریں اور مشرقی حمص میں تدمر کے مضافات میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔
شامی ذرائع کے مطابق امریکی حملے سے ہوائی اڈے کو پہنچنے والے نقصانات پوری طرح واضح نہیں ہیں تاہم شامی جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یہاں سے پروازیں انجام دی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انھوں نے ایک محال و مشکل کام انجام دیا ہے۔
دوسری جانب شام کی مسلح افواج کے سربراہ علی عبداللہ یعقوب نے شامی فوجیوں کی ہمت و شجاعت کی داد دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ شعیرات فوجی ایئر بیس دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔
عبداللہ یعقوب نے مزید کہا کہ حمص کے فضائی اڈے پر جارح امریکہ کے حملے مسلح ، دہشت گردوں کو ختم کرنے کے شامی فوج کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔